ہوناور یکم نومبر (ایس اؤنیوز) بھٹکل کے مختلف حصوں میں رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے بڑے بڑے تشہیری ہورڈنگس اور پوسٹرس پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جنتادل (ایس) نے الزام لگایا ہے کہ منکال وئیدیا جھوٹی تشہیر کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ اتوار کو ہوناور میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے بھٹکل حلقہ کے جے ڈی ایس انتخابی نگراں کار عنایت اللہ شاہ بندری نے الزام لگایا کہ منکال وئیدیا نے ہورڈنگس کے ذریعے جو ایک ہزار کروڑ روپئے بھٹکل میں لانے اور حلقہ میں ترقیاتی کام کرنے کی تشہیر کررہے ہیں، وہ عوام کو بے وقوف بنانے کی ایک کوشش ہے، ان کے مطابق منکال وئیدیا نے اگر اتنی بڑی رقم بھٹکل میں لاکر کام کیا ہے، تو ہمیں اُس کا حساب پیش کریں کہ انہوں نے اس رقم کا کہاں کہاں پر استعمال کیا ہے۔ عنایت اللہ شاہ بندری کے مطابق بھٹکل میں ان کے ذریعے جو بھی کام ہواہے وہ بھی بے حد خستہ حال ہیں اور ایسے میں بڑے بڑے ہورڈنگس اور بینرس کے ذریعے ہزار کروڑ روپئے لانے کی بات کرنا عوام کو بے وقوف بنانے کی ہی کوشش ہے۔
عنایت اللہ شاہ بندری نے منکال وئیدیا پر کئی سنگین الزامات عائد کئے، انہوں نے اس بات کا بھی الزام لگایا کہ منکال وئیدیا نے مرڈیشور میں شمشان کے معاملے پر اپنے ہی حمایتیوں کے ذریعے ہنگامہ برپا کروایا اورفرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دے کر بعد میں معاملے کو بی جے پی کے سر تھوپ دیا۔
عنایت اللہ شاہ بندری کے مطابق پچھلی مرکزی اور ریاستی حکومت نے جو کام انجام دئے تھے، اُن کاموں کو بھی منکال وئیدیا اپنے نام کرتے ہوئے یہ جتانے کی کوشش کررہے ہیں جیسے وہ کام بھی انہوں نے ہی انجام دیا ہو، اتنا ہی نہیں دیگر محکمہ جات کے ذریعے ہوئے کاموں اور دیگر ذمہ داران کے ذریعے ہورہے کاموں کو بھی وہ اپنے ہی ذریعے ہونے کی تشہیر کررہے ہیں۔
عنایت اللہ شاہ بندری جو بھٹکل کے قومی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے نائب صدر بھی ہیں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حال ہی میں قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن اور مجلس اصلاح وتنظیم کی کوششو ں سے وزیر اعلیٰ سدرامیا سے رابطہ کرکے اُن کے سکریٹری ایل کے عتیق کے تعاون سے بھٹکل میونسپالٹی کے لئے 200کروڑ روپئے منظور کرائے ہیں، اس تعلق سے ڈرینج سسٹم کو درست کرنے کا کام جلدہی شروع ہونے والاہے ، اس کام کے لئے رکن اسمبلی نے ایک پیسہ بھی نہیں دیا ہے۔ مگر وہ ایسا ظاہر کررہے ہیں جیسے یہ رقم بھی اُنہوں نے ہی منظور کرائی ہو۔ عنایت اللہ شاہ بندری کے مطابق بھٹکل ۔ ہوناور حلقہ میں اگر کچھ کام بھی ہوئے ہیں تو وہ سب کام بھی خستہ حالی کا شکار ہیں، عوام کی نظر ان سبھی کاموں پر لگی ہوئی ہے انہوں نے متنبہ کیا کہ ان کی طرف سے کی جانے والی غلط تشہیر پر آئندہ دنوں میں عوام ہی اُنہیں سبق سکھائے گی۔
جے ڈی ایس کے ریاستی سکریٹری جی این گوڈا نے بات کرتے ہوئےسوال کیا کہ بڑے بڑے بینرس اور ہورڈنگس کے ذریعے منکال وئیدیا جو دعوے کررہے ہیں کہ انہوں نے بھٹکل اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے ایک ہزار کروڑ روپیہ لایا ہے، کیا ایک ہی حلقہ کے لئے اتنی بڑی رقم لانا ممکن ہے ؟ ان کے مطابق ریاست میں 224 اسمبلی حلقہ جات ہیں، کیا صرف ایک حلقہ کے لئے اتنی بڑی رقم دینا ممکن ہے ؟ ان کے مطابق منکال وئیدیا کا اتنا بڑا جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف بنانا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ رکن اسمبلی منکال وئیدیا سرکاری افسران کو لگاتار ہراساں کررہے ہیں۔ اپنے حمایتیوں کے ذریعے ریت پر پابندی کے دوران افسران کو ڈرا دھمکا کر غیر قانونی سائٹس پر قانونی خلاف ورزی کے کاموں کا بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ ان کے مطابق ضلع پنچایت اسسٹنٹ ایکزی کوٹیو آفسر مسٹر پوار ، قومی شاہراہ انجنئیر ناگراج نائک اور ایم جی ہیگڈے رکن اسمبلی کی ہفتہ وصولی سے بیزار ہوکر اپنا تبادلہ کراتے ہوئے دوسرے مقامات پر چلے گئے ہیں۔ بھٹکل کے چک پوسٹ پر بھی منکال وئیدیا نے اپنی ملکیت کی غیر قانونی سواریوں کو روکے جانے پر مشتعل ہوکر چیخ پکار کی تھی ۔ انہوں نے بھی الزام لگایا کہ منکال وئیدیا چھوٹے موٹے امدادی کام کرتے ہیں ، مگر اپنی تشہیر حد سے زیادہ کررہے ہیں۔ جی این گوڈا نے چیلنج کیا کہ منکال وئیدیا اگر ایماندار ہیں تو اس بات کا حساب دیں کہ گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں انہوں نے عطیہ جات کے طورپر کتنی رقم کہاں کہاں پر خرچ کی ہے ؟
جے ڈی ایس تعلقہ صدر راجو نائک نے اس موقع پر کہاکہ گذشتہ 3-4برسوں میں منکی گرام پنچایت حدود میں کروڑوں روپیوں کی لاگت سے پانی کے جو منصوبہ جات جاری کئے گئے ہیں وہ کسی کام کے نہیں ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ 1946میں شروع کئے گئے منکی پرائمری ہیلتھ سنٹر کو ان ہزارکروڑ رپیوں میں کتنی امداد دی گئی ہے، اُسے بھی عوام کے سامنے ظاہر کرے۔
راجو نائک نے اس بات کا بھی سنگین الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی اپنے قریبی لوگوں کو استعمال کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں پر کمیشن لیتے ہیں جس کے نتیجے میں کوئی بھی معیاری کام نہیں ہورہا ہے۔ ان کے مطابق سڑکیں کسی کام کی نہیں ہیں، انہوں نے بھی منکال وئیدیا کو چیلنج کیا کہ وہ پہلے اپنے انجام دئے گئے کاموں کے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کریں۔
ماہی گیر لیڈر تمپا میستا نے منکال وئیدیا پر الزام لگایا کہ وہ زرعی محکمہ اور دیگر محکمہ جات کے تارپول اور زرعی اشیاء کی تقسیم کاری میں مداخلت کرتے ہیں اور اہل مستفیدین کو نظر انداز کرکے اپنی سفارش لانے والوں کوہی یہ تمام چیزیں تقسیم کرنے کے لئے افسران پر دباؤ ڈالتے ہیں، رکن اسمبلی آشریہ گھر، ماہی گیر گھر جیسے کئی ایک منصوبہ جات میں صرف اپنے ہی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کا کام کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں بھٹکل یوتھ جے ڈی ایس صدر پانڈو نائک، سیوا دل کے صدر اُدئیے نائک، لمبودر گوڈا، ابوبکر، منی شنکر گوڈا، بالو وشنو گوڈا، عبدالرحمن ، عبدالقادر، گنیش گوڈا وغیرہ موجود تھے۔